History

1947 تقسیمِ ہند: ہجرت، جانی نقصان اور تشدد پر رپورٹ

Read in English
1947 تقسیمِ ہند: ہجرت، جانی نقصان اور تشدد پر رپورٹ

تقسیمِ ہند اگر ایک طرف  پاکستان اور بھارت کے آزادی کا باعث بنا تو دوسری طرف یہ دنیا کے خونریز ترین، شرمناک اور نفرت انگیز واقعات میں شمار ہوتی ہے۔ اس واقعے سے ناواقف لوگ اسے محض چند لکیریں کھینچ کر دو ملکوں کی پیدائش کا نام دیتے ہیں، جبکہ اسے سمجھنے والے آج بھی اس اُلجھن میں ہیں کہ اسے آزادی کہا جائے یا برصغیر کا سب سے بڑا خونریز اور شرمناک سانحہ؟
ایک ایسا سانحہ جس کے نتیجے میں تقریباً ایک کروڑ چالیس لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، تقریباً تیس لاکھ افراد ہلاک ہوئے اور ایسے لرزہ خیز واقعات پیش آئے جن میں عورتوں کے سینے کاٹے گئے، انہیں سڑکوں پر برہنہ گھمایا گیا، اغوا کیا گیا اور زبردستی ان کا مذہب تبدیل کروایا گیا۔ ریل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو صرف اس لیے زندہ چھوڑ دیا جاتا تھا تاکہ وہ لاشوں سے بھری ٹرین اپنے پیاروں تک پہنچا سکیں۔ 

سرکاری ریکارڈ کے مطابق، اس سانحے کے نتیجے میں تقریباً 83 ہزار خواتین اور بچے لاپتہ ہوئے، جن میں سے صرف 30 ہزار کے قریب کو تلاش کیا جا سکا، جبکہ باقی کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

اس رپورٹ میں چار بنیادی سوالات کے جواب پیش کیے گئے ہیں:

  1.  تقسیمِ ہند کے دوران کتنے لوگ بے گھر ہوئے؟
  2.  وہ کہاں سے کہاں منتقل ہوئے؟
  3.  کتنے لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے؟
  4. اس دوران خواتین کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا؟

اس کے علاوہ، چند ایسے واقعات بھی شامل کیے گئے ہیں جنہیں لوگوں نے تقسیم کے وقت اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ رپورٹ میں بیان کیے گئے ہر اہم حقیقت کے ساتھ اس کا مستند حوالہ موجود ہے، جس کی مدد سے قاری خود بھی معلومات کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ مختلف ریسرچرز اور تاریخی ماخذ کے اندازوں میں اختلاف پایا جاتا ہے، اس لیے جہاں ضروری تھا وہاں کسی ایک حتمی تعداد کے بجائے عدد کی ایک رینج پیش کی گئی ہے۔

1. نقلِ مکانی کرنے والوں کی تعداد

تقسیمِ ہند کے دوران نقلِ مکانی کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد کے حوالے سے ریسرچرز اور مؤرخین کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ مختلف تاریخی مطالعات میں یہ تعداد 14 ملین (1 کروڑ 40 لاکھ) سے 22 ملین (2 کروڑ 20 لاکھ) تک بیان کی گئی ہے۔ اس میں ان افراد کو شامل کیا گیا ہے جنہیں تقسیم کے نتیجے میں اپنے آبائی علاقے اور نسلوں سے آباد گھر چھوڑ کر دوسری طرف ہجرت کرنا پڑی۔

تاہم، زیادہ مستند اور وسیع پیمانے پر قبول کیا جانے والا اندازہ 14 سے 15 ملین (1 کروڑ 40 لاکھ سے 1 کروڑ 50 لاکھ) کے درمیان ہے۔ اس اندازے کی تائید گنیتا سنگھ بھلا اور C. Ryan Perkins کی تحقیقات سمیت دیگر تاریخی ماخذ سے بھی ہوتی ہے۔ [1] [2] [5]

2. لوگ کہاں سے کہاں منتقل ہوئے؟

اقوامِ متحدہ کی رپورٹ The Population of Asia and the Far East, 1950 to 1980، کے مطابق، تقسیمِ ہند کے دوران مختلف علاقوں کے درمیان نقلِ مکانی کی تعداد تقریباً درجِ ذیل تھی:

نقلِ مکانی کا راستہاندازاً تعداد
انڈیا سے مغربی پاکستان6.5 ملین
انڈیا سے مشرقی پاکستان2.5 ملین
مغربی پاکستان سے انڈیا4.7 ملین
مشرقی پاکستان سے انڈیا0.5 سے 0.7 ملین
انڈیا سے پاکستان (کل)9 سے 10 ملین
پاکستان سے انڈیا (کل)5 سے 6 ملین

ماخذ:اقوامِ متحدہ کی رپورٹ۔ [7]

3. جانی نقصان

تقسیمِ ہند صرف سرحدوں کی تقسیم نہیں تھی، بلکہ انسانی جانوں کا ایسا نقصان بھی تھی جس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے گئے۔ مختلف معتبر ذرائع کے مطابق، تشدد، قتل و غارت، خودکشیوں اور دوسرے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں تقریباً 2 ملین (20 لاکھ) افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں بچے، بزرگ، مرد اور خواتین سب شامل تھے۔ وہ لوگ بھی اس خون ریزی کی زد میں آئے جن کا اس سیاسی اور مذہبی کشمکش سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

گنیتا سنگھ بھلا نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ملین (30 لاکھ) تک بیان کی ہے۔ ان کے اندازے میں ان افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جو تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے حالات، بیماریوں اور دوسرے اثرات کے نتیجے میں جان سے گئے۔ [2] [3]

یہ اعداد و شمار صرف نمبرز نہیں ہیں۔ ہر نمبر کے پیچھے ایک زندگی، ایک خاندان اور ایک ایسی کہانی تھی جو شاید کبھی تاریخ کا حصہ بھی نہ بن سکی۔ ہزاروں بچے یتیم ہوئے، اور بے شمار خاندان اپنے پیاروں سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے۔

3.1 کس طرف کتنے لوگ مرے؟

اس حوالے سے کوئی ایسا مستند اور مکمل سرکاری ریکارڈ موجود نہیں جو یہ واضح کر سکے کہ انڈیا اور پاکستان کی طرف کتنے افراد ہلاک ہوئے۔ آزاد تاریخی ذرائع میں عام طور پر اس بات پر اتفاق ملتا ہے کہ تشدد کا شکار ہونے والوں کی تعداد دونوں طرف تقریباً برابر تھی۔

یعنی اس انسانی المیے میں کسی ایک مذہب یا قوم نے ہی اپنے لوگ نہیں کھوئے۔ دونوں طرف ماؤں نے اپنے بچے، بچوں نے اپنے والدین اور خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔ تقسیم کی لکیر نے صرف دو ممالک کو الگ نہیں کیا، بلکہ لاکھوں زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔

4. ٹرین حملے: جب سفر زندگی کا آخری سفر بن گیا

تقسیمِ ہند کے سب سے دردناک اور روح کو جھنجھوڑ دینے والے واقعات میں ریفیوجی ٹرینوں پر ہونے والے حملے شامل ہیں۔ جن ریل گاڑیوں میں لوگ اپنی جان بچانے کے لیے سفر کر رہے تھے، وہی کئی مرتبہ ان کے لیے موت کا سفر ثابت ہوئیں۔

دونوں طرف مسلح اور مشتعل گروہوں نے ہجرت کرنے والے بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنایا۔ ایسے واقعات بھی تاریخی روایات میں ملتے ہیں جن میں پوری کی پوری ٹرین کے مسافروں کو قتل کر دیا گیا اور صرف ڈرائیور کو زندہ چھوڑا گیا، تاکہ وہ لاشوں سے بھری ٹرین کو اس کی منزل تک لے جائے۔ سوچیے، جب ایک ٹرین اپنی منزل پر پہنچتی ہوگی تو وہاں اپنے پیاروں کے انتظار میں کھڑے لوگوں پر کیا گزرتی ہوگی۔ جنہیں اپنے عزیزوں کی واپسی کی امید تھی، انہیں زندگی کے بجائے موت کا پیغام ملتا تھا۔

یہ حملے صرف انسانی جانوں کا نقصان نہیں تھے، بلکہ خوف، بدلے اور نفرت کے اس سلسلے کا حصہ تھے جس نے دونوں طرف کے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ہر نئے حملے کے بعد بدلے کی آگ مزید بھڑک اٹھتی اور بے گناہ لوگ اس کی قیمت اپنی جان دے کر چکاتے۔

4.1 امرتسر ٹرین قتلِ عام (22 ستمبر 1947)

امرتسر ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ریفیوجی ٹرین پر مسلح بھیڑ، جس میں سکھ جتھے بھی شامل تھے، نے حملہ کیا۔ اس واقعے میں تقریباً 3,000 مسلم مسافر ہلاک اور 1,000 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ اس سے پہلے ستمبر کے شروع میں خالصہ کالج کے قریب بھی ایک ٹرین پر حملہ ہوا تھا، جس میں تقریباً 1,000 افراد جان سے گئے۔

یہ وہ لوگ تھے جو اپنے گھر، اپنی زمین اور اپنی پرانی زندگی پیچھے چھوڑ کر ایک محفوظ مستقبل کی تلاش میں سفر کر رہے تھے۔ مگر منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی ان کا سفر ختم کر دیا گیا۔ [8]

4.2 گجرات ٹرین قتلِ عام (12 جنوری 1948)

بنوں (KPK) سے روانہ ہونے والی ایک ریفیوجی ٹرین کا رخ گجرات (پاکستان) ریلوے اسٹیشن کی طرف موڑ دیا گیا۔ وہاں انجن ڈرائیور انجن لے کر فرار ہو گیا اور مسلح پٹھان بھیڑ نے ٹرین پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں 1,300 سے 1,600 ہندو اور سکھ مہاجرین قتل ہوئے۔ [9]

4.3 کاموکی ٹرین قتلِ عام

لاہور سے تقریباً 25 میل دور کاموکی کے قریب مال گاڑی کے ڈبوں (livestock wagons) میں سوار 3,000 سے زیادہ ہندو اور سکھ مہاجرین پر ایک بڑی بھیڑ نے حملہ کیا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق، اس واقعے میں 400 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے اور سینکڑوں خواتین کو اغوا کر لیا گیا۔ غیر رسمی اندازوں کے مطابق، جانی نقصان اس سے کہیں زیادہ تھا۔ [10]

4.4 نفرت کی شدت اور حکومتی ردِعمل

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق، بعض حملوں میں حملہ آوروں نے پوری ٹرین کے مسافروں کو قتل کرنے کے بعد صرف ڈرائیور کو زندہ چھوڑا، تاکہ وہ لاشوں سے بھری ٹرین کو ان کے اپنوں تک پہنچا سکے۔ ایسے واقعات نے پہلے سے موجود خوف اور نفرت کو مزید بڑھایا اور بدلے کے ایک خطرناک سلسلے کو جنم دیا۔ [11]

حالات اتنے خراب ہو چکے تھے کہ ستمبر 1947 کے آخر میں دونوں حکومتوں کو ریفیوجی ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روکنی پڑی، تاکہ سکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔ [8]

5. آنکھوں دیکھے گواہوں کے بیان

تاریخ کی کتابوں میں اکثر واقعات کو اعداد و شمار اور تاریخوں کی صورت میں بیان کیا جاتا ہے، لیکن ان واقعات کی اصل اذیت کا اندازہ ان لوگوں کی زبانی کہانیوں سے ہوتا ہے جنہوں نے یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اپنی زندگی میں سہا۔ تقسیمِ ہند کے دوران بچنے والے افراد کے بیانات اس دور کے خوف، بے بسی، ہجرت اور انسانی درد کی ایسی تصویر پیش کرتے ہیں جسے چند جملوں میں سمیٹنا ممکن نہیں۔

پیٹریشیا (اس وقت 5 سال کی تھیں)

پیٹریشیا کا خاندان انڈیا سے پاکستان کی طرف ہجرت کر رہا تھا۔ سرحد کے قریب ان کی ٹرین کو روک کر باہر سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔ ان کے والد نے بچوں کو بستر کے رولز میں لپیٹ کر چھپا دیا، تاکہ وہ گولیوں کی زد میں نہ آ سکیں۔ ٹرین کی چھت پر سوار تمام لوگ قتل کر دیے گئے۔ پیٹریشیا کو اس واقعے کی سب سے خوفناک یاد بچوں کے رونے کی وہ آوازیں ہیں جو ان کے ذہن میں آج بھی موجود ہیں۔ [12]

کیپٹن ایم۔ ایس۔ کوہلی (مشہور ماؤنٹینیئر)

کیپٹن ایم۔ ایس۔ کوہلی کا خاندان پاکستان سے انڈیا کی طرف ہجرت کر رہا تھا جب ان کی مال گاڑی پر مسلح بھیڑ نے حملہ کر دیا۔ حالات نہایت خطرناک ہو چکے تھے، لیکن عین وقت پر بریگیڈیئر ایوب خان، جو ان کے والد کے دوست تھے اور بعد میں پاکستان کے پریزیڈنٹ بنے، اپنی ملٹری یونٹ کے ساتھ وہاں پہنچ گئے۔ ان کی مداخلت سے کیپٹن کوہلی کے خاندان کی جان بچ گئی۔ [13]

مسٹر چوپڑا

مسٹر چوپڑا کا خاندان اچانک اپنا گھر چھوڑ کر ریلوے اسٹیشن کی طرف روانہ ہوا۔ سفر کے دوران ان کی ٹرین پر دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی اور ایک گولی مسٹر چوپڑا کے پاؤں میں لگی۔ ان کی دادی نے کپڑے کی مدد سے زخم باندھا اور خون روکنے کی کوشش کی۔ اسی افراتفری میں ایک مسلم مسافر نے ان کے خاندان کو اپنا خاندان ظاہر کر کے ان کی جان بچائی۔ سفر کے دوران انہوں نے ریلوے ٹریکس کے آس پاس لاشیں بکھری دیکھیں۔

یہ واقعہ اس دور کی ایک دوسری حقیقت بھی سامنے لاتا ہے: جب نفرت اور تشدد اپنی انتہا پر تھے، تب بھی کچھ لوگ اپنی انسانیت نہیں بھولے۔ ایک مسلم مسافر کا دوسرے مذہب کے خاندان کو اپنا خاندان کہہ کر بچانا اس بات کی مثال ہے کہ اس پرتشدد دور میں بھی انسانی ہمدردی زندہ تھی۔ [14]

5.1 کیس اسٹڈی: علی شان (گاؤں جراہاں، ضلع لدھیانہ)

علی شان کی کہانی تقسیمِ ہند کے ان دردناک واقعات میں سے ایک ہے جو بتاتی ہے کہ اس تقسیم نے صرف گھر اور علاقے نہیں چھینے، بلکہ بچوں سے ان کے ماں باپ، بہن بھائی اور پورا بچپن بھی چھین لیا۔

1947 میں علی شان کی عمر تقریباً 6 سے 8 سال تھی۔ وہ ضلع لدھیانہ کے گاؤں جراہاں میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتے تھے۔ [15] [16] [2]

1. گاؤں پر حملہ

ایک دن مسلح بھیڑ نے ان کے گاؤں پر حملہ کر دیا۔ علی شان نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے خاندان اور گاؤں کے اکثر لوگوں کو قتل ہوتے دیکھا۔ وہ اس وقت اتنے چھوٹے تھے کہ شاید انہیں حالات کی پوری سمجھ بھی نہیں تھی، لیکن اپنے پیاروں کو کھوتے دیکھنے کا وہ منظر ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔

2. موت کے سامنے بچاؤ

حملے کے دوران ایک بندوق دھاری شخص نے علی شان پر کئی گولیاں چلائیں، لیکن خوش قسمتی سے کوئی گولی انہیں نہیں لگی۔ بھیڑ میں موجود ایک شخص نے انہیں پکڑ لیا۔ مگر انہیں قتل کرنے کے بجائے اپنے ساتھ لے جانے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح ایک چھوٹا بچہ، جو چند لمحے پہلے اپنے پورے خاندان کو کھوتا دیکھ چکا تھا، موت کے منہ سے بچ گیا۔

3. ایک سکھ خاندان میں پرورش

وہ شخص علی شان کو دو دن اور دو رات پیدل سفر کروا کر ایک دوسرے گاؤں لے گیا اور ایک سکھ خاندان کے حوالے کر دیا۔ اس خاندان نے انہیں اپنے بیٹے کی طرح پالا۔ علی شان تقریباً چھ مہینے اس گھر میں رہے۔ اس دوران ان کا مذہب تبدیل کر دیا گیا اور انہیں سکھ بچے کی حیثیت سے رکھا گیا۔

4. ریکوری اور لاہور ریفیوجی کیمپ

تقسیم کے بعد دونوں حکومتوں کے درمیان بچھڑ جانے والے بچوں اور خواتین کی ریکوری کا معاہدہ ہوا۔ اسی سلسلے میں کسی شخص نے رپورٹ کیا کہ ایک سکھ گھرانے میں مسلم بچہ موجود ہے۔

اس رپورٹ کے بعد پاکستانی ملٹری نے علی شان کو وہاں سے لے کر لاہور کے ریفیوجی کیمپ پہنچا دیا۔ اب وہ ایک ایسے کیمپ میں تھے جہاں ان کے آس پاس بہت سے لوگ موجود تھے، لیکن ان کا اپنا کوئی نہیں تھا۔ وہ ایک چھوٹا سا بچہ تھا جس نے پہلے اپنا گھر کھویا، پھر اپنا خاندان اور اب اس کی زندگی کا اگلا مرحلہ ایک ریفیوجی کیمپ میں تنہا گزر رہا تھا۔

5. خاندان سے دوبارہ ملاپ

علی شان کے ماموں قصور میں رہتے تھے اور وہ کئی دنوں سے مختلف ریفیوجی کیمپس میں انہیں تلاش کر رہے تھے۔ آخرکار انہوں نے لاہور کے کیمپ میں علی شان کو ڈھونڈ لیا۔ اس طرح وہ اپنے باقی بچے ہوئے رشتے داروں سے دوبارہ ملے اور قصور چلے گئے، جہاں ان کی مزید پرورش ہوئی۔

6. آج: ایک زندہ یاد

علی شان بعد میں امریکہ منتقل ہو گئے اور سان فرانسسکو بے ایریا میں مستقل طور پر آباد ہوئے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ بچپن کے اس ٹراما اور اس کے اثرات سے نکلنے میں گزارا۔ انہوں نے اپنی کہانی دی 1947 پارٹیشن آرکائیو کے ساتھ شیئر کی، تاکہ ان کا دیکھا اور سہا ہوا یہ واقعہ آنے والی نسل تک پہنچ سکے۔ [15] [16] [2]

علی شان کی کہانی صرف ایک شخص کی زندگی کا واقعہ نہیں، بلکہ ان ہزاروں بچوں کی نمائندگی کرتی ہے جنہوں نے تقسیمِ ہند کے دوران اپنے ماں باپ، گھر اور بچپن کھو دیے۔ کچھ بچے اپنے بچھڑے ہوئے خاندانوں سے دوبارہ مل گئے، لیکن ان کے بچپن پر لگنے والے زخم شاید کبھی پوری طرح نہ بھر سکے۔

6. عزت کے نام پر قتل اور خودکشیاں

تقسیمِ ہند کے دوران خواتین کو صرف ہجرت، تشدد اور گھروں کی تباہی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، بلکہ انہیں ایک ایسے خوفناک سماجی دباؤ اور غیر انسانی رویوں کا بھی سامنا کرنا پڑا جہاں ان کی زندگی اور موت کے فیصلے تک دوسرے لوگ کرنے لگے تھے۔

اروشی بٹالیہ کی تحقیق کے مطابق، جب مسلح بھیڑ مختلف علاقوں پر حملہ کرتی تھی تو بعض خاندانوں کے مرد، جن میں باپ، بھائی اور شوہر شامل تھے، اپنے ہی گھروں کی خواتین کو قتل کر دیتے یا انہیں زہر دے دیتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اس طرح وہ خواتین کو دشمن کے قبضے میں جانے اور تشدد کا نشانہ بننے سے بچا سکیں گے۔ [17]

یہ اس دور کا ایک نہایت دردناک پہلو تھا۔ جن گھروں میں خواتین کو حفاظت ملنی چاہیے تھی، بعض جگہوں پر وہی گھر ان کے لیے موت کا مقام بن گئے۔ خواتین کے پاس اکثر اپنی زندگی کے فیصلے کا اختیار بھی نہیں تھا۔ انہیں ایک ایسے خوف اور غیر یقینی صورتِ حال میں دھکیل دیا گیا تھا جہاں زندہ بچ جانا بھی ایک جرم سمجھا جانے لگا تھا۔

6.1 تھوا خالصہ (راولپنڈی): کنویں میں چھلانگ لگانے والی 90 خواتین

تھوا خالصہ، راولپنڈی کا وہ واقعہ تقسیمِ ہند کی تاریخ کے سب سے دردناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں تقریباً 90 ہندو اور سکھ خواتین نے مسلح حملوں اور دشمن کے قبضے میں جانے کے خوف کے درمیان اپنی جان دے دی۔ روایت کے مطابق، ان خواتین نے ایک کنویں میں چھلانگ لگا دی۔ [17]

6.2 ایسٹ پنجاب میں مسلم خواتین کی خودکشیاں

ایسے واقعات صرف راولپنڈی یا سکھ اور ہندو آبادیوں تک محدود نہیں تھے۔ ایسٹ پنجاب کے مختلف مسلم گاؤں میں بھی اس قسم کے واقعات پیش آئے، جہاں مسلم خواتین نے مسلح حملوں، تشدد اور قبضے میں جانے کے خوف کے سبب نہروں اور کنویں میں چھلانگ لگا کر اپنی جان دے دی۔ [17]

7. خواتین کے خلاف تشدد اور اغوا

تقسیمِ ہند کے دوران خواتین کے خلاف تشدد اس انسانی المیے کا سب سے دردناک اور شرمناک پہلو تھا۔ مذہب اور فرقے کی بنیاد پر ہونے والی تشدد کی اس لہر میں خواتین کے جسم کو بھی نفرت، انتقام اور دشمنی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہیں صرف ان کی پہچان کی بنیاد پر اغوا کیا گیا، جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی عزت و آزادی کو پامال کیا گیا۔ یوں خواتین کے جسم کو گویا دو قوموں کے درمیان نفرت اور انتقام کی ایک اور جنگ کا میدان بنا دیا گیا۔ [3]

اس تشدد کا شکار ہونے والی خواتین میں نوجوان لڑکیاں، شادی شدہ عورتیں اور کم عمر بچیاں بھی شامل تھیں۔ بہت سی خواتین اپنے گھروں سے بچھڑ گئیں، جبکہ کئی کو ان کے بچوں اور گھر والوں سے زبردستی الگ کر دیا گیا۔

7.1 اغوا ہونے والی خواتین کی تعداد

مختلف تاریخی تحقیقات کے مطابق، تقسیمِ ہند کے دوران دونوں طرف سے تقریباً 75,000 سے 100,000 خواتین کو زبردستی اغوا کیا گیا۔ بعض نئے تحقیقی اندازوں میں یہ تعداد 120,000 تک بھی بیان کی گئی ہے۔ [3]

7.2 سرکاری ریکارڈز: کتنی مسلم اور کتنی ہندو اور سکھ خواتین اغوا ہوئیں؟

دونوں ممالک کے سرکاری ریکارڈز میں اغوا ہونے والی خواتین کی تعداد کے حوالے سے مختلف اعداد درج کیے گئے ہیں۔ سرکاری ریکارڈز کے مطابق:

  • انڈیا میں: تقریباً 50,000 مسلم خواتین اغوا ہوئی تھیں۔
  • پاکستان میں: تقریباً 33,000 ہندو اور سکھ خواتین اغوا ہوئی تھیں۔

یہ اعداد اس دور میں دونوں ممالک کے درمیان خواتین کی ریکوری کے لیے ہونے والی سرکاری کوششوں اور ریکارڈز سے تعلق رکھتے ہیں۔ [18]

7.3 جسمانی تشدد اور بے حرمتی

اغوا کے علاوہ خواتین کو مختلف قسم کے جسمانی اور جنسی تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ کئی علاقوں میں ان کی سرِ عام بے حرمتی کی گئی، انہیں لوگوں کے سامنے ذلیل کیا گیا اور ان کے جسم پر دوسرے مذہب کے نشانات بنائے گئے۔ بعض خواتین کے جسم کو جان بوجھ کر بگاڑا گیا، تاکہ ان کی مذہبی پہچان کو تبدیل یا مٹایا جا سکے۔ [3]

8. ریکوری آپریشن: بچھڑی ہوئی خواتین کی واپسی

تقسیمِ ہند کے بعد دونوں ممالک کو ایک اور سنگین مسئلے کا سامنا تھا: وہ ہزاروں خواتین جو تشدد اور اغوا کے نتیجے میں اپنے خاندانوں سے بچھڑ گئی تھیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے 1949 میں انڈیا اور پاکستان نے ایبڈکٹڈ پرسنز (ریکوری اینڈ ریسٹوریشن) ایکٹ منظور کیا۔ اس قانون کے تحت دونوں ممالک کی پولیس اور ملٹری نے باہمی تعاون سے اغوا شدہ خواتین کو تلاش کرنے اور انہیں ان کے اصل ملک واپس بھیجنے کا عمل شروع کیا۔ [4]

یہ آپریشن ان خواتین کو ان کے پرانے خاندانوں تک پہنچانے کی ایک کوشش تھی جو تقسیم کے دوران زبردستی اپنے گھروں سے دور کر دی گئی تھیں۔ تاہم، اس آپریشن کے نتیجے میں کئی ایسے پہلو بھی سامنے آئے جو اس پورے عمل کو مزید پیچیدہ اور دردناک بنا دیتے ہیں۔

8.1 ریکوری کے اعداد (1955 سے 1957 تک)

1955 سے 1957 کے درمیان دونوں ممالک کی کوششوں کے نتیجے میں 30,000 سے زیادہ خواتین ریکور کی گئیں۔ سرکاری ریکارڈز کے مطابق:

  • انڈیا سے پاکستان: تقریباً 20,728 مسلم خواتین ریکور کر کے پاکستان بھیجی گئیں۔
  • پاکستان سے انڈیا: تقریباً 9,032 ہندو اور سکھ خواتین ریکور کر کے انڈیا بھیجی گئیں۔ [4]

یہ اعداد اس وسیع آپریشن کی نمائندگی کرتے ہیں جس کے ذریعے ہزاروں خواتین کو ان کے پرانے خاندانوں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن ان اعداد کے پیچھے موجود ہر خاتون کی اپنی ایک الگ کہانی تھی۔ کچھ اپنے گھروں میں واپس جا کر بھی پہلے جیسی زندگی حاصل نہ کر سکیں۔

8.2 ریکوری آپریشن: جب واپسی بھی ایک نیا صدمہ بن گئی

ریکوری آپریشن کا سب سے پیچیدہ اور دردناک پہلو یہ تھا کہ کئی خواتین اپنے نئے گھروں میں زندگی گزارنے لگی تھیں۔ کچھ کے بچے پیدا ہو چکے تھے اور کچھ اپنے نئے خاندانوں کے ساتھ ایک رشتہ اور گھر بسا چکی تھیں۔ لیکن سرکاری آپریشن کے تحت انہیں ان کے نئے گھروں اور بچوں سے الگ کر کے ان کے پرانے ممالک میں واپس بھیجا گیا۔

کئی خواتین کے لیے یہ دوسری ہجرت تھی: پہلی مرتبہ انہیں اپنے پرانے گھروں سے زبردستی نکالا گیا تھا، جبکہ دوسری مرتبہ انہیں ان جگہوں سے جدا کیا جا رہا تھا جہاں وہ وقت کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ بسانے کی کوشش کر چکی تھیں۔

مزید دردناک پہلو یہ تھا کہ کچھ خواتین کو ان کے پرانے خاندانوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ انہیں ناپاک یا اپوِترا سمجھ کر خاندانی عزت اور سماجی رواج کے نام پر ٹھکرا دیا گیا۔ یوں کچھ خواتین کے لیے اپنے پرانے ملک اور خاندان میں واپسی بھی کسی محفوظ منزل تک پہنچنے کے بجائے ایک نئے امتحان کا آغاز بن گئی۔ [4]

اس آپریشن کا مقصد خواتین کو ان کے خاندانوں تک واپس پہنچانا تھا، لیکن اس دوران ان کی اپنی مرضی اور فیصلے کو ہمیشہ مرکزی اہمیت نہیں دی گئی۔ یہ ایک ایسا پہلو ہے جو اس دور میں خواتین کی خود مختاری اور حقوق کی صورتِ حال کو سمجھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔

9. اہم نتائج اور حقائق

تقسیمِ ہند کے دوران ہونے والی نقلِ مکانی، جانی نقصان، تشدد اور خواتین کے خلاف جرائم کا جائزہ لینے کے بعد چند بنیادی نتائج سامنے آتے ہیں:

  • نقلِ مکانی: مختلف تحقیقی ماخذ میں نقلِ مکانی کرنے والوں کی تعداد کا زیادہ متفق اندازہ 14 سے 15 ملین (1 کروڑ 40 لاکھ سے 1 کروڑ 50 لاکھ) ہے، جبکہ بعض ریسرچرز نے اس سے زیادہ تعداد بھی بیان کی ہے۔ [1] [2]
  • جانی نقصان: تقسیمِ ہند کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے اندازے تقریباً 2 سے 3 ملین (20 سے 30 لاکھ) کے درمیان ہیں۔ مختلف ریسرچرز کے اندازوں میں فرق موجود ہے۔ [2] [3]
  • دونوں طرف تشدد: آزاد تاریخی ماخذ میں عام طور پر یہ بیان کیا جاتا ہے کہ دونوں طرف تشدد کا پیمانہ تقریباً برابر تھا۔ تاہم، اس حوالے سے کوئی مکمل اور مستند سرکاری ریکارڈ موجود نہیں جو دونوں طرف کے جانی نقصان کا قطعی مقابلہ کر سکے۔
  • ٹرین حملے اور خواتین کے خلاف تشدد: ریفیوجی ٹرینوں پر حملے اور خواتین کے خلاف ہونے والا تشدد تقسیمِ ہند کے سب سے دردناک اور تاریخی طور پر دستاویز شدہ پہلوؤں میں شامل ہیں۔ [8] [9] [10] [3]
  • ریکوری آپریشن: دونوں ممالک کے مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں 30,000 سے زیادہ خواتین ریکور کی گئیں۔ تاہم، اس آپریشن نے کئی خواتین کے لیے نئے مسائل اور انسانی المیے بھی پیدا کیے، خاص طور پر ان عورتوں کے لیے جو اپنے بچوں اور نئے گھروں سے جدا کر دی گئیں۔ [4]
  • اعداد و شمار میں اختلاف: تقسیمِ ہند سے متعلق اکثر بنیادی اعداد و شمار میں مختلف اندازے موجود ہیں۔ اس لیے کسی بھی تعداد کو پیش کرتے وقت اس کا ماخذ، تحقیقی پس منظر اور ضرورت کے مطابق رینج کا ذکر کرنا ضروری ہے۔

تقسیمِ ہند کی تاریخ صرف دو نئے ممالک کے قیام، سرحدوں کے تعین اور سیاسی فیصلوں کی کہانی نہیں۔ یہ کروڑوں لوگوں کی ہجرت، لاکھوں گھروں کی بربادی، بے شمار انسانی جانوں کے زیاں اور ان خاندانوں کی داستان بھی ہے جو ایک ہی دن میں ایک دوسرے سے بچھڑ گئے۔ اس تاریخ کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیاسی اور مذہبی پہلوؤں کے ساتھ ان عام انسانوں کی کہانیوں کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے اس تقسیم کی سب سے بڑی قیمت چکائی۔

مصنف کا نوٹ

میں نے اپنے اساتذہ، والد صاحب اور تاریخ سے واقف دیگر لوگوں سے تقسیمِ ہند کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا، لیکن مجھے خود اندازہ نہیں تھا کہ یہ سانحہ کس قدر دردناک اور ہولناک تھا۔ جب میں نے اس موضوع پر باقاعدہ تحقیق شروع کی، تاریخی دستاویزات، تحقیقی مطالعات اور مختلف مصنفین کی تحریروں کا مطالعہ کیا تو اس سانحے کی اصل شدت میرے سامنے آئی۔ اس دوران مجھے شدید دکھ ہوا۔ خاص طور پر خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے مظالم، بچھڑنے والے خاندانوں اور اپنے پیاروں کو ہمیشہ کے لیے کھو دینے والے لوگوں کی داستانیں پڑھ کر میں اس قدر افسردہ ہوا کہ اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

اس رپورٹ کی تیاری میں میری کوشش رہی ہے کہ ہر بات احتیاط اور غیر جانب داری سے پیش کی جائے۔ میں نے حتی الامکان ایسے مستند ماخذ استعمال کیے ہیں جن کی تصدیق قارئین خود بھی کر سکتے ہیں۔ جہاں محققین کے درمیان اعداد و شمار پر اختلاف پایا جاتا ہے، وہاں کسی ایک عدد کو حتمی قرار دینے کے بجائے دستیاب تخمینوں کو حدود (Ranges) کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ کیونکہ یہ محض اعداد و شمار نہیں، بلکہ ان کے پیچھے لاکھوں انسانوں کی زندگیاں، اجڑے ہوئے گھر، بچھڑے ہوئے خاندان اور ایسی داستانیں ہیں جن کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جاتے رہے۔

اس رپورٹ کا مقصد اس بحث میں پڑنا نہیں کہ تقسیمِ ہند درست سیاسی فیصلہ تھا یا غلط۔ یہ ایک الگ تاریخی اور سیاسی بحث ہے۔ میرے نزدیک اصل سوال یہ ہے کہ جب برصغیر تقسیم ہو رہا تھا تو لاکھوں انسانوں کو اس قدر بے بسی اور عدم تحفظ کے عالم میں کیوں چھوڑ دیا گیا؟ بھارت، پاکستان اور برطانیہ کی حکومتوں کو سرکاری سطح پر یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ تقسیم کے دوران انسانی جانوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ میں سنگین ناکامی ہوئی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد جان سے گئے، ہزاروں خواتین جنسی تشدد اور دیگر مظالم کا شکار ہوئیں، جبکہ ہزاروں خواتین اور بچے لاپتہ یا اپنے خاندانوں سے جدا ہوگئے۔ میرے نزدیک ان حکومتوں کو متاثرہ عوام، بالخصوص ان خاندانوں سے باضابطہ معافی مانگنی چاہیے جنہوں نے اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھویا۔ سرکاری اعتراف ماضی کو واپس نہیں لا سکتا، نہ ہی بچھڑنے والوں کو دوبارہ ملا سکتا ہے، لیکن یہ متاثرین کے دکھ اور قربانیوں کو تسلیم کرنے، ان کی یاد کو زندہ رکھنے اور آنے والی نسلوں کو اس تاریخ سے سبق سکھانے کی ایک اہم کوشش ضرور ہوسکتی ہے۔

فیضان اکبر آزاد


10. حوالہ جات (Sources)